Divisions starts in PTI Hazara
ق لیگ کی آمد،تحریک انصاف یوتھ ونگ کی حلف برداری میں ہلڑبازی
ایبٹ آباد: تحریک انصاف یوتھ ونگ ہلڑ بازی کا شکار‘ ق لیگ کے مستعفی ہونے والے عہدیداروں کو تحریک انصاف کی یوتھ ونگ کے عہدے دینے پر دیرینہ کارکن پھٹ پڑے‘ تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان تفصیلات کے مطابق منگل کے روز تحریک انصاف یوتھ ونگ کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ جس میں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار محمد یعقوب، پی ٹی آئی کے ضلعی آرگنائزر سردار شیر بہادر، ایم پی اے نثار صفدر خان، علی خان جدون اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب اس وقت ہلڑ بازی کا شکار ہو گئی جب تحریک انصاف یوتھ ونگ کے دیرینہ کارکنوں نے تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مختلف کالجوں کے طلباء نے کہا کہ یوتھ ونگ میں جتنے لوگوں کو بھی شامل کیا گیا ہے یہ تمام لوگ پاکستان مسلم لیگ (ق) سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لوگ ہیں۔ ہم ان لوگوں پر عدم اعتماد کا اعلان کرتے ہیں۔ بوڑھے لوگوں کو یوتھ ونگ پر مسلط کر دیا گیا ہے۔ جتنے بھی لوگوں کو عہدے دیئے گئے ہیں ان میں سے ایک بھی کسی کالج کا طالبعلم نہیں ہے۔ طلباء نے بتایا کہ یوتھ ونگ کے عہدیداروں میں کاشف خان جدون صدر، مظہر خان جدون سینئر نائب صدر، عظیم خان تنولی نائب صدر، ریاض دانش جنرل سیکرٹری، شہر یار خان صدر ضلع ایبٹ آباد، راجہ محمد آصف فہد عدیل، سلیم، عامر گل، تیمور خالد، حسنین خان، احمد نواز خان، گل خان ترین تحریک انصاف یوتھ ونگ کے اصل عہدیدار ہیں۔ تحریک انصاف کے آرگنائزر نے یوتھ ونگ کی کابینہ میں جتنے بھی لوگوں کو شامل کیا ہے تمام ق لیگ کے لوگ ہیں۔ ہم اس کابینہ کو کسی صورت نہیں مانتے۔ احتجاج کے دوران کئی لوگ احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو منانے کی کوششیں کرتے رہے لیکن اس میں کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔
Content from :
http://www.hazara.com.pk/news/3513/ق-لیگ-کی-آمد،تحریک-انصاف-یوتھ-ونگ-کی-حلف-برداری-میں-ہلڑبازی-/
0 comments:
Post a Comment